ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ کا دورہ پاکستان مکمل

ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسیفک گروپ کا دورہ پاکستان مکمل

  

اسلام آباد(آن لائن ) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایشیا پیسیفک گروپ کے 4 رکنی وفد نے دورہ پاکستان مکمل کر لیا ۔ایف اے ٹی ایف کے وفد میں شامل نمائندوں کا تعلق امریکہ، چین اور ترکی سے تھا۔چار رکنی وفد نے دورے میں ایف اے ٹی ایف کے 12 نکات پرعمل درآمد کا جائزہ لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے ایف اے ٹی ایف کے وفد نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اکتوبر کے وسط تک دیے گئے 12 نکات پر عمل درآمد کرے۔اکتوبر کے وسط تک ایف اے ٹی ایف کا 10 رکنی وفد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گااور پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے یا نکالنے سے متعلق حتمی رپورٹ مرتب کرے گا۔یاد رہے رواں سال فروری میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو تادیبی اقدامات کرنے کیلئے 3 ماہ (جون تک) کا وقت دیا تھا۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے 25 اپریل کو ہونیوالے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں 27 صفحا ت پر مشتمل اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسگ اقدامات پر رپورٹ پیش کی تھی تاہم 22 مئی کو بنکاک کے غیر رسمی اجلاس میں اس رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا گیا تھا۔عالمی واچ لسٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونے سے اسے عالمی امداد، قرضوں اور سرمایہ کاری کی سخت نگرانی سے گزرنا ہوگا جس سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

وفد دورہ

مزید :

علاقائی -