مشکل وقت آتا اور چلا جاتا ہے ، قید و بند کی صعوبتیں ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں ، نواز شریف

مشکل وقت آتا اور چلا جاتا ہے ، قید و بند کی صعوبتیں ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں ...

 راولپنڈی (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے (ن) لیگ نے ملک و قوم کیلئے ہرقربانی دی ہے، قید و بند کی صعوبتیں ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ جمعرات کو نواز شریف سے (ن) لیگ سندھ اور پارٹی کے سینئر رہنماؤ ں کے وفد نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، لیگی وفد نے نواز شریف کو سندھ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا، نواز شریف نے ہدایت کرتے ہو ئے کہا ووٹ کے تقدس کا پیغام سندھ کے گھر گھر پہنچایا جائے، ملک و قوم کی خاطر قید کی سزا کو بھی قبول کیا۔ اڈیالہ جیل میں نواز شریف نے ملاقات کے دوران پارٹی رہنماؤں کو بتایا بیماری کے دوران مجھے جیل میں چیک کرنیوالا ڈاکٹر روپڑا اور اس نے بتایا آج مجھے گردش حالات پر رونا آیا ہے، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے،تاہم مشکل وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے،ذرائع کے مطابق ملاقات کیلئے آنیوالے رہنماؤں میں سینیٹر مشاہد حسین سید ، میر حاصل بزنجو، پرویز ملک ،طلال چوہدری، زبیر محمود اور غلام دستگیر کے علاوہ صاف پانی کمیشن کے سابق سربراہ قمر ا لاسلام کے بچے شامل تھے ،ملاقات میں نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر نے سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی، جبکہ دوران ملاقات مریم نواز مگ میں چا ئے پیتی رہیں،نواز شریف نے ملاقات کرنیوالوں سے مختلف امور پر گفتگو کی اس دوران انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے جس پر وہ ان کے مشکور ہیں،ملاقات کے دوران مریم نواز نے قمرالاسلام کی بیٹیوں کو پیار کیا اور کہا بچو گھبرانا نہیں ہم تمہا ر ے ساتھ ہیں،اس موقع پر لیگی رہنما سینیٹرمشاہد حسین سید نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا اسمبلی میں عمران خان کو ٹف ٹائم دیا،وہ کافی پریشان تھے،اس پر مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا ہاں میں نے بھی اخبار میں پڑھا ہے عمران خان اسمبلی میں پریشان دکھائی دئیے۔

نواز شریف

مزید : صفحہ اول