فضل الرحمان ،زرداری ملاقات، اپوزیشن اتحاد میں فاصلے کم کرنے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری سے سربراہ جے یو آئی( ف) مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہو ئی جس میں قائد ایوان کے انتخاب سے لاتعلق رہنے کے پیپلزپارٹی کے فیصلے پر بات چیت سمیت اپوزیشن اتحاد میں فاصلے کم کرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا بتانا ہے آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں صدر مملکت کے الیکشن کے حوالے سے بھی ابتدائی مشاورت کی گئی۔خیال رہے پارلیمنٹ میں قائد ایوان کے انتخاب کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ میں شد ید اختلافات پائے جاتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کیلئے( ن) لیگ کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے پیپلز پارٹی کے رہنما ایوان کی کارروائی میں شریک ہوں گے تاہم وہ وزارت عظمیٰ کے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں ڈا لیں گے۔
فضل الرحمان ملاقات