پنجاب (ن) لیگ کا ہے، دعوے کرنیوالے کہاں گئے، شاہ محمود

پنجاب (ن) لیگ کا ہے، دعوے کرنیوالے کہاں گئے، شاہ محمود

ملتان(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ بننا خواہش بھی (بقیہ نمبر13صفحہ12پر )

ہے اور عوامی مطالبہ بھی۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنانا ہمارے منشور میں شامل ہے۔ صوبہ بنانے کیلئے ہمیں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبہ بنائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی پنجاب اور اس کی اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جس میں چودھری سرور اور چودھری پرویز الٰہی اور پنجاب سے تحریک انصاف کے نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی اور ق لیگ کے اراکین نے شرکت کی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا چودھری سرور نے پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں اراکین اسمبلی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا عشائیہ میں عمران خان کی ہدایت پر شرکت کی ۔ پنجاب میں عمران خان کی نمائندگی کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا یہاں کا ماحول دیکھ کر خوشی ہوئی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کیلئے نام پر مشاورت جاری ہے۔ اس وقت میں نام بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔ تحریک انصاف نے یہ پالیسی بنائی تھی پنجاب میں اسپیکر اور ڈپٹی ا سپیکر بنا کر وزیراعلیٰ کا نام دیں گے۔ انہوں نے کہا انشاء اللہ پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔ پنجاب کی عوام نے ایک طویل عرصہ بعد پنجاب کی پگ تحریک انصاف کے ہاتھ میں دی ہے۔ انشاء اللہ تبدیلی کا آغاز پنجاب سے ہوگا۔ جو لوگ کہتے تھے کہ پنجاب ن لیگ کا ہے وہ لوگ اب کہاں گئے۔ انشاء اللہ پنجاب پی ٹی آئی کا قلعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں عمران خان نے چودھری سرور کو بطور گورنر اور چودھری پرویز الٰہی کو سپیکر نامزد کیا ہے جو کہ اچھا اقدام ہے دونوں کا پارلیمان کا بہترین تجربہ ہے۔ پنجاب کو بہترین انداز میں چلائیں گے اور مجھے امید ہے اچھی ٹیم کی بدولت پنجاب میں ہمیں مستقبل میں مزید کامیابیاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی ملی ہے۔ اپوزیشن سے مقابلے کے بعد تحریک انصاف کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اپوزیشن نے سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی کامیابی پر اپوزیشن نے مبارکباد پیش کی ہے جس پر میں نے اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا سپیکرکے انتخاب کے دوران ہمیں ایک اور چیز بھی نظر آئی کہ ن لیگ ووٹ لینے کے باوجود ایوان میں تنہا نظر آئی۔ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی طرف سے شہباز شریف کے وزارت عظمی کے امیدوار نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ میں شروع دن سے کہا تھا پی پی اور ن لیگ میں اتحاد غیر فطری ہے اور اس اتحاد میں دراڑیں واضح نظر آگئی۔انہوں نے کہا مرکز کی طرح پنجاب میں بھی تحریک انصاف کو کامیابی ملے گی۔

شاہ محمود قریشی

مزید : ملتان صفحہ آخر