گستاخانہ، خاکے مظفر گڑھ ، ڈاہر انوالہ میں احتجاجی سیمینار ، ریلیاں مظاہرے

گستاخانہ، خاکے مظفر گڑھ ، ڈاہر انوالہ میں احتجاجی سیمینار ، ریلیاں مظاہرے

مظفرگڑھ‘ ڈاہرانوالہ(نامہ نگار) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف دینی، مذہبی جماعتوں، تاجروں‘ شہریوں اور مختلف دینی مدارس کے زیراہتمام مشترکہ طور پر احتجاجی سیمینار وکیل اکیڈمی میں منعقد ہوا جس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی گئی۔ اس موقع(بقیہ نمبر31صفحہ12پر )

پر صدرمجلس شہریان اور سینئر سیاسی رہنماء رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ‘ ذوالفقار طور ترجمان تحریک لبیک‘ محمد اقبال‘ محمد بلال خان‘ رانا واجد علی ایڈووکیٹ‘ قاری عبدالقیوم‘ قاری خالد محمود‘ قاضی سرفراز حسین چیئرمین پنجاب امن کمیٹی‘ شاہد حسین خان و دیگر مقررین نے ہالینڈ کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک مسلمانوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے سے باز رہیں۔ نبی آخر الزماںؐ کی شان اقدس میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ مسلمان ہوش میں آئیں اور مغربی ممالک کے اسلام مخالف پروپیگنڈے کی بھر پور مذمت کریں۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔گستاخانہ خاکے چھاپنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ امریکی اسرائیل اور مغربی ممالک کی مسلمانوں کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔تمام مسلم ممالک باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ڈاہرانوالہ سے نامہ نگارکے مطابق ڈاہرانوالہ میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذہبی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا جس میں شہریوں اور دینی مدارس کے طلباء نے بھرپور شرکت کی، احتجاجی ریلی کا آغاز چشتیاں روڈ سے ہوا، ریلی کے شرکاء بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہالینڈ حکومت کے خلاف نعرے درج تھے اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی گئی تھی، ڈاہرانوالہ کے مین چوک میں ریلی کے اختتام پر مختلف مقررین نے خطاب کیا، قاری محمد منشاء نے اپنے خطاب کے دوران ہالینڈ کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں اور گستاخی پر مبنی خاکے شائع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں، کوئی مسلمان نبی آخر الزماںؐکی شان اقدس میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔ قاری محمد اجمل نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تمام مسلم ممالک کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہالینڈ سمیت گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کریں، انہوں نے خصوصی طور پہ پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہالینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم میں پہل کرے اور اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے، ان کے خطاب کے دوران شرکاء کی جانب سے ہالینڈ اور دیگر مغربی ممالک کے خلاف شدید نعرے بازی جاری رہی، تاہم ریلی کے اختتام پر شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

گستاخانہ خاکے

مزید : ملتان صفحہ آخر