میاں افتخار کے حق میں سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

میاں افتخار کے حق میں سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور راشد شہید فاونڈیشن کے چیئرمین میاں افتخارحسین کی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے سول سوسائیٹی کی تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں کے اراکین نے آج پشاور پریس کلب کے قریب امن پارک پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر میاں افتخارحسین کی زندگی کو درپیش خطرات کے حوالے سے نعرے درج تھے اور ریاست سے ان کی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے مطالبات کئے گئے تھے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مختلف مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ میاں افتخارحسین کو جاری کردہ تھریٹ الرٹس کسی مذاق سے کم نہیں ہیں کیونکہ ان انتباہی خطوط میں جس قسم کی معلومات فراہم کی گئی ہیں ان خطوط پر چل کر دہشت گردوں کو گرفتار کرنا امنیتی اداروں کی ذمہ داری ہے اور صرف تھرٹ الرٹس جاری کرکے سیکورٹی ادارے اپنے فرائض سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امنیتی ادارے عملی اقدامات اٹھائیں اور ان عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرنے کیلئے سرگرمی دکھائیں جو میاں افتخارحسین کے جان کے درپے ہیں۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان مظاہرین نے خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میاں افتخارحسین کے سیاسی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو اگر ان کے تاریخی خدمات کے صلے میں ریاست نے ہلال امتیاز سے نوازاہے تو ان کی سیکورٹی ریاست کی اولین ذمہ داریوں میں شمار ہوتی ہے اور اگر ان فرائض کی ادائیگی میں غفلت کرنے کے نتیجے میں میاں افتخارحسین کی زندگی کو خدانخواستہ کوئی نقصان پہنچا توسول سوسائیٹی اس کا دعوی ریاست اور اس کے امنیتی اداروں پرعائد کرے گی۔