سرکاری محکموں کی کارکردگی الیکٹرانک سستم سے جانچی جائیگی : عادل رضا

سرکاری محکموں کی کارکردگی الیکٹرانک سستم سے جانچی جائیگی : عادل رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی طرف سے قائم کردہ پرفارمنس منیجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ سیل کے ڈپٹی کوارڈینیٹر عادل رضا نے کہا ہے کہ صوبائی سرکاری محکموں کی کارکردگی اب شخصی نگرانی کی بجائے الیکٹرانک سسٹم سے جانچی جا رہی ہے جس کیلئے چیف سیکرٹری کے دفتر میں قائم کیے گئے پرفارمنس منیجمنٹ ریفارمز یونٹ کے تحت کام کرنے والے آن لائن کے پی سیٹیزن پورٹل سسٹم کو مزید مستحکم اور فعال بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج کمشنر آفس ڈیرہ میں حکومتی اداروں کی طرف سے تعمیرکردہ عمارات کو نیا نام دینے، صوبائی انٹرن شپ پالیسی سے متعلق آگہی اور محکموں کی کارکردگی کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے موضوع پر مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان کو ایک روزہ میٹنگ کے ذریعے حکومتی فیصلوں سے متعلق آگاہی کے دوران کیا۔ٹریننگ میں تمام سرکاری محکموں کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ تمام سرکاری ادارے بشمول ان کے ماتحت دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی ٹویٹر اور فیس بک پر اجاگر کریں اور سوشل میڈیا کا استعمال منظم طریقے سے کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی ، ضلعی حکومتوں اور دیگر سرکاری ، نیم سرکاری اداروں اور دفاتر میں قائم شکایات سیل عنقریب ختم کرائے جائیں گے اور ان کی جگہ چیف سیکرٹری آفس کا پبلک کمپلینٹ سیل ہر طرح کی عوامی شکایا ت وصول کر کے مقررہ وقت میں ان کا ازالہ کرے گا۔ سرکاری محکموں کی کارکردگی اب شخصی نگرانی کی بجائے الیکٹرانک سسٹم سے جانچی جا رہی ہے جہاں ہر سرکاری محکمے خصوصاًخدماتی اداروں کی کوتاہی یا نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں۔ شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ سرکاری اداروں کیلئے نیا نام متعین کرنا، سہولیات ، پراجیکٹس، عمارات، سڑکوں ، گلیوں وغیرہ کیلئے ایک طریقہ کا ر وضع کیا گیا ہے جس کیلئے تمام اداروں کو اس پر عملدرآمد کیلئے تربیت دی جا رہی ہے۔تمام سرکاری ادارے اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے قائم کردہ پرفارمنس منیجمنٹ اور ریفارمز یونٹ کے قوانین اور فیصلوں پر عمل کریں۔بعد ازاں ڈپٹی کوارڈینیٹر عادل رضا نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی سے بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم PMRUسیل کے ذریعے شکایات کے حوالے سے تمام دفاتر کو سہولیات میسر ہوں گی۔ پی ایم آر یو یونٹ کا مقصد پورٹل سسٹم کو مزید فعال بنانا ہے۔