نااہل بیوروکریسی،محکمہ برقیات آزادکشمیر تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا

نااہل بیوروکریسی،محکمہ برقیات آزادکشمیر تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی) نااہل بیوروکریسی کیوجہ سے محکمہ برقیات آزاد کشمیر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ۔ محکمہ برقیات کے آفیسران عیاشیوں میں مصروف، محکمہ کے مفاد اور عوام کو سہولیات کی فراہمی دعوؤں تک محدود، محکمہ کے اندر آفیسران کے گروپ ایک دوسرے کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے لگے ۔ تقرریاں اور تعیناتیاں پسند و ناپسند کی بنیادوں پر کی جارہی ہیں ۔ سرکاری گاڑیوں کا استعمال دھڑلے سے جاری ، محکمہ کی بیوروکریسی کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ کرپٹ اور راشی آفیسران نے وزیر برقیات کو بھی شیشے میں اتار لیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کا محکمہ برقیات کرپشن ، اقرباء پروری ، ناجائز سفارش اور نااہل بیوروکریسی کیوجہ سے تباہی کے قریب پہنچ چکا ہے ۔ محکمہ کے آفیسران رشتہ داروں کو بھرتی کروانے اور مختلف ٹھیکے اپنے من پسند فرموں اور ٹھیکیداروں کو دلوا کر اپنا کمیشن وصول کررہے ہیں ۔ محکمہ میں میرٹ نام کی کوئی چیز موجود نہیں ۔ گزشتہ دس ، 15سالوں میں محکمہ کے اندر ایک بھی تقرری میرٹ کے مطابق نہیں ہوسکی ۔ محکمہ کے اعلیٰ سرکاری آفیسران کی پراسرار خاموشی کی بدولت جملہ آفیسران کو محکمہ کی ترقی سے کوئی غرض نہیں ۔ آفیسران مال بنانے میں مصروف عمل نظر آتے ہیں ۔ محکمہ کے آفیسران گزشتہ 10سالوں کے دوران بے پناہ ترقی کرتے ہوئے کروڑ پتی بن گئے ہیں جبکہ برقیات کا محکمہ دن بدن کمزور ہوتا جارہا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو اس محکمہ کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور محکمہ برقیات خصوصی آڈٹ کا متقاضی ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر