تھانہ کلر سیداں،فرنٹ ڈیسک میں نصب پی ٹی سی ایل نیٹ سروس معطل
کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)محکمہ پی ٹی سی ایل نے تھانہ کلر سیداں میں قائم فرنٹ ڈیسک میں نصب پی ٹی سی ایل فون کی نیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی ذمے 36 ہزار روپے کی رقم واجب الادا تھی جس پر محکمہ پی ٹی سی ایل نے ابتدائی طور پر نیٹ سروس معطل کر دی جبکہ پے منٹ نہ ہونے کی صورت میں آئندہ چند دنوں میں پی ٹی سی ایل نمبر بھی منقطع کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام رقم سی پی او آفس راولپنڈی کی بلنگ برانچ میں جمع کروا دی تھی اب محکمہ پی ٹی سی ایل کو بل ادا کرنا ان کی ذمہ داری میں آتا ہے۔ادھر بل کی عدم ادائیگی کے باعث فرنٹ ڈیسک کا آن لائن سسٹم بھی بند ہو گیا ہے جس کی وجہ سے مقدمات کے اندراج کے بعد ایف آئی آر ز کے حصول میں مشکلات آ گئی ہیں۔