ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور

ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر ملزمان کیخلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کیس کی سماعت، عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک علاج پر جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت29اگست تک ملتوی کردی، جبکہ غیر رسمی گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ اب چین کے ساتھ مل کر انفرا اسٹرکچر پروجیکٹ کو دوبارہ سے شروع کرنا ہوگا۔جمعرا ت کو کراچی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم و دیگر شریک ملزمان کیخلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ جبکہ ڈاکٹر عاصم کے وکلا کی جانب سے اٹھارہ اگست سے اٹھائیس اگست تک بیرون ملک علاج پر جانے کیلئے اجازت سے متعلق درخواست دائر کی گئی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک علاج پر جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت انتیس اگست تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ تبدیلی آگئی ہے۔ پاکستان بہت سے مسائل میں ڈوبا ہوا ہے۔ پاکستان کے دو بنیادی مسائل ہیں ایک قرضہ اور دوسرا گیس کی قلت، اگر یہ دو مسائل حل ہوجاتے ہیں تو پاکستان کیلئے بہت بہتر ہوگا۔ڈاکٹر عاصم کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ سو دن میں تو ایک رائٹر کہانی نہیں لکھ سکتا اور تبدیلی لانے والی حکومت سو دن میں کیا تبدیلی لائے گی۔ اللہ کرے یہ لوگ پاکستان کے مسائل کو سمجھیں اور ان کو حل کریں۔