پرویز الہٰی کو اضافی ووٹ کس نے اور کیوں دئیے ؟ سینئر صحافی نے بڑا دعویٰ کردیا، ن لیگ میں کھلبلی مچادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ق لیگ کے چوہدر ی پرویز الہیٰ 201 ووٹ لے کر پنجاب اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے ہیں تاہم میڈیا میں یہ تاثر جاری ہے کہ ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن گیاہے لیکن سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہاہے کہ ابھی فاروڈ بلاک نہیں بنا لیکن مستقبل میں کچھ بھی ہو سکتا ہے جبکہ بہت سے لوگ حمزہ شہباز سے ناخوش تھے۔
تفصیلات کے مطابق میزبان کے سوال تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی توقع سے زیادہ 201ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب، کیا مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے؟جس کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان کو ٹوٹنا ہی تھا کیونکہ پنجاب نے ہمیشہ فاتح کا ساتھ دیا ہے، اسپیکر کے انتخاب میں جہانگیر ترین کا جہاز اور چوہدری سرور کی لابنگ کے ساتھ چوہدری برادران کے اثر و رسوخ نے بھی کام کیا ہے، ن لیگ میں ویسے بھی بہت سے لوگ حمزہ شہباز سے ناخوش تھے، ن لیگ میں ابھی فارورڈ بلاک نہیں بنا لیکن آگے بہت کچھ ہوسکتا ہے۔
سلیم صافی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نواز شریف اور شہباز شریف گروپ میں بٹ چکی ہے، مستقبل میں ن لیگ میں باقاعدہ فارورڈ بلاک سامنے آجائے گا، پرویز الٰہی سپیکر شپ کیلئے پنجا ب اسمبلی نہیں گئے بلکہ وہ ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنا کر مستقبل میں وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں، پنجاب میں جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا پرویز الٰہی اس سے زیادہ بااختیار ہوں گے ۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ پرویز الٰہی کو جو سولہ ووٹ زیادہ ملے یہ ن لیگ کے ووٹ ہیں، ن لیگ کے مزید ارکان اسمبلی بھی ٹوٹ سکتے ہیں لیکن ا س سے تحریک انصاف کیلئے چیزیں آسان نہیں ہو جائیں گی۔