نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ، عمران خان نےاپنے بچوں کو آنے سے خود منع کیا: جمائما

نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ، عمران خان نےاپنے بچوں کو آنے سے خود ...
نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ، عمران خان نےاپنے بچوں کو آنے سے خود منع کیا: جمائما

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے ،ان کی تقریب حلف برداری میں بڑی بڑی شخصیات سمیت ورلڈ کپ 1992کی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا لیکن عمران خان نے اپنے ہی بچوں کو آنے سے منع کردیا جس کا انکشاف خود ان کی سابق اہلیہ اور بچوں کی والدہ جمائما خان نے کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی حلف برداری تقریب آج ہوئی جس میں بھارت کے معروف کھلاڑی نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے ،سوشل میڈیا پر کپتان کے چاہنے والوں نے یہ مطالبہ کیا کہ دونوں بیٹوں کو بھی اس تقریب میں شامل ہو نا چاہیے۔عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صحافی مہر تارڑ نے ٹوئٹر پر جمائما اور عمران خان کے دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ 'جمائما، عمران خان کے سیاسی سفر میں ابتداء سے ساتھ تھیں جس کے لیے آپ کا شکریہ،

مریم شبیر نے لکھا کہ ’’یہ دن عمران خان کی زندگی اور سیاسی کاوشوں میں بہت اہمیت کا حامل ہے ، آج کے دن اس کیلئے یہ بہت تکلیف دہ بات ہوگی کہ اس کے بچے اس کے ساتھ نہیں ہیں، ہم پاکستانی آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے رہنما کی خوشی کیلئے آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ بچوں کو بھیجیں ، وہ آہی کیسے سکتے ہیں ، دونوں صاحبزادے اس وقت سکاٹ لینڈ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں   لیکن  یہاں اپنے والد کی تقریب حلف برداری کیلئے نہیں آسکتے‘‘ ۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں جمائما نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں بیٹے پاکستان آنا چاہتے تھے  لیکن عمران خان نے خود ان کو آنے سے منع کیا ہے۔

ایک اور ٹوئیٹ میں جمائما خان نے بتایا کہ ’’جمائما نے بتایا کہ ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں، لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

مزید : قومی