فٹنس ٹیسٹ کے دنوں میں حسن علی نے چھٹیاں مانگ لیں

فٹنس ٹیسٹ کے دنوں میں حسن علی نے چھٹیاں مانگ لیں

  

لاہور( آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے چھٹیاں مانگ لیں ہیں اور وہ بھی ایسے دنوں میں جب پی سی بی کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لینے جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈنے 19 اگست سے دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا اہم حسن علی نے فٹنس ٹیسٹ کے دنوں میں چھٹی طلب کر لی ہے۔حسن علی نے کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ نکاح کے بعد 22 اگست کو فٹنس ٹیسٹ دینے کیلئے تیار ہوں۔ یاد رہے کہ حسن علی دبئی میں 20 اگست کو سامعیہ سے نکاح کرنے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تقریب میں صرف اہل خانہ کے قریبی لوگ ہی شرکت کریں گے۔نوجوان فاسٹ بالر نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی دلہن کی رخصتی دو یا تین مہینے بعد ہوگی جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوگا۔چیمپئنز ٹرافی کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے فاسٹ بالر نے بتایا کہ ہم دونوں ایک سال پہلے دبئی میں ملے تھے جس کے بعد بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا،میں نے اپنی فیملی سے بات کی جسکے بعد میرے بھائی اور بھابھی ان سے ملے، میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ میں سامعیہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں نے اس بارے میں سب سے پہلے اپنے بھائی کو بتایا اور میری زندگی کے سارے اہم فیصلے میرے بھائی عطاالرحمن لیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شادی میں وہ پاکستانی سٹائل کی کالی اور لال شیروانی پہنیں گے جبکہ ان کی دلہن روایتی انڈین ڈریس پہنیں گی۔حسن علی نے انکشاف کیا کہ سامعیہ سے محبت کا اظہار انہوں نے کیا تھا اور انہیں پاکستان میں ان جیسی کوئی لڑکی پسند نہیں آئی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -