عامر لیاقت فلم ”لووڈ ویڈنگ“میں اداکاری کرنا چاہتے تھے،فہد مصطفےٰ
لاہور(فلم رپورٹر) اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے میری جس فلم پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دی تھی دراصل اسی فلم میں کام کرنے کے لئے مجھے فون کیا تھا۔فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں وسیم بادامی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے عامر لیاقت، محسن عباس حیدر،میشاشفیع اورعلی ظفر سمیت کئی موضوعات پر گفتگو کی۔ میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ ”جیتو پاکستان“ شو کی ابتدا میں لوگ انہیں چائنا کا عامر لیاقت حسین کہتے تھے اسے سن کر فہد کو کیسا محسوس ہوتاتھا جس پر فہد نے جواب دیا کہ انہیں شروع میں اپنے بارے میں اس طرح کے تبصرے سن کر پریشانی ہوتی تھی۔
فہد مصطفیٰ نے عامر لیاقت کی جانب سے ان کی فلم ”لوڈ ویڈنگ“ پر مقدمہ کرنے کے حوالے سے کہا کہ عامر لیاقت تو اس فلم میں اداکاری کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے مجھے فون بھی کیاتھا اور کہا تھا فہد تم مجھے بول دیتے یہ کردار میں کرلیتا اورہم دونوں اس فلم میں کام کرتے بڑامزہ آتا۔ لیکن کسی کو فلم میں کام دلوانا میرا نہیں بلکہ فلم کے ہدایت کار کا کام ہے۔یاد رہے کہ فلم ”لوڈ ویڈنگ“ میں عامر لیاقت کے ڈپلیکیٹ کو دکھایاگیا تھا جو فلم میں گیم شو کی میزبانی کرتا نظر آرہاتھا۔ عامر لیاقت نے اس سین پر اعتراض کرتے ہوئے کہاتھا کہ فلم میں نہ صرف میرے کردار کو غلط انداز میں پیش کیاگیا بلکہ مجھے بدنام بھی کیاگیا۔