بھارت جلد تقسیم ہونیوالاہے مودی نے جولڑائی شروع کی ہم اسکا خاتمہ کرینگے: سراج الحق

  بھارت جلد تقسیم ہونیوالاہے مودی نے جولڑائی شروع کی ہم اسکا خاتمہ کرینگے: ...

  

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی نے جو لڑائی شروع کی ہے اس کا خاتمہ ہم کریں گے۔ بھارت بھول جائے کہ ہمیں ایٹم بم سے ڈر الے گا۔ہمارے لئے تو شہادت کی موت ہی اصل زندگی ہے۔بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کو کہتے ہیں کہ تمھارے پاس دس پندرہ ایٹم بم ہونگے،ہمارے پاس ایٹم بم کے ساتھ ساتھ 22کروڑ چلتے پھرتے ایٹم بم ہیں، برصغیر کی تاریخ کو ایک بار پھر پڑھیں اسے احمد شاہ ابدالی،محمود غزنوی اور محمد بن قاسم کے قدموں کے نشان ملیں گے۔ہندوستان بہت جلد ٹکڑوں میں تقسیم ہونے والا ہے۔ کشمیر ناگا لینڈ اور خالصتان کی آزادی کا راستہ کھل گیا۔ کشمیر ایک جغرافیہ کا نہیں نظریے اور عقیدے کا نام ہے۔پاکستانی حکمران واشنگٹن کی بجائے مکہ اور مدینہ کی طرف دیکھیں۔امریکہ نے ایک بار نہیں بار بار ہمیں دھوکہ دیا۔امریکہ پر اعتبار کرنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ ممبئی میں امام مسجد کی کشمیریوں کے لئے دعا کرنے پر گرفتاری مودی حکومت کی بوکھلاہٹ ہے۔ایل او سی پر فوجی جوانوں کی شہادت سے بھارت کے جنگی جرائم آشکار ہوگئے ہیں مگر اس سے پاکستانی فوج کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ دفعہ370 کے خاتمہ کے بعد جموں وکشمیر ایک مکمل آزاد اور خود مختار علاقہ بن گیا ہے جہاں کوئی بھی جاسکتا ہے۔اسلام آباد کے قبرستان میں موجود زندہ لاشوں میں کوئی حرکت نظر نہیں آتی۔قوم پاکستان کو اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کے ایک نکاتی ایجنڈا میں میرا ساتھ دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم میں کشمیر بچاؤ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف اور ضلعی امیر محمد قاسم بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے ضلع کے ارکان کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ مودی گجرات کے دوہزار مسلمانوں کا قاتل ہے۔مودی نے خود ڈھاکہ میں اعتراف کیا کہ پاکستان کو دولخت کرنے میں اس نے حصہ لیاتھا۔ مگر ہمارے بزدل حکمرانوں نے ہمیشہ بھارت کی بالا دستی کو قبول کیا۔بھارت کو خوش کرنے کیلئے پاکستان پر حملہ کرنے والے ابھی نندن کو رہا کیا۔ ایک وزیر اعظم مودی کو لاہور بلا کر ریڈ کارپٹ پر اس کا استقبال کرتا ہے اور دوسرا اس کی کامیابی کی دعائیں کرتا ہے۔اب انہیں اپنی دعاؤں کی کامیابی پر خوشیاں منانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے کبھی بھی کشمیریوں کی قربانیوں کا وہ صلہ نہیں دیا جو ان کا حق بنتا تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کیلئے جانیں قربان کرتے ہوئے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں،ان کے حوصلے بلند اور عزم جوان ہے۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -