بھارت کی کوئی بھی حرکت ہماری توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹا نہیں سکتی ،قمر زمان کائرہ

     بھارت کی کوئی بھی حرکت ہماری توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹا نہیں سکتی ،قمر ...

  

 اسلام آ باد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کی کوئی بھی حرکت ہماری توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹا نہیں سکتی،کشمیر کے ایشو پر حکومت بے بسی کا شکار ہے،بیرون ممالک وفود تک نہیں بھجوائے گئے، بھارت کی کشمیر پر یلغارسے حکومت کے ہاتھ پاوں پھولے ہوئے ہیں،چین کے علاوہ کسی ملک نے واضح طور پر پاکستان کی حمایت نہیں کی، بیشتر مسلم ممالک نے بھی اسے بھارت کا اندورنی مسئلہ قرار دیا ہے،ٹرمپ کی ثالثی کہا ں گئی؟اپنے مخالفین کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنے کے علاوہ حکومت کے پاس اچھی خبر نہیں ہے،اس وقت ملک میں قومی یکجہتی نہیں ہے تو دنیا سے کیا مدد مانگو گے؟ آ ج ہم عالمی تنہائی کا شکار ہیں، آ صفہ کو عدالتی حکم کے باوجود باپ سے ملنے نہیں دیا گیا،اے پی سی تمام مسائل کا حل نہیں۔چوہدری منظور،نذیر ڈھوکی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے،کوئٹہ میں بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،دہشتگردی کا سب سے بڑے ہم شکار رہے ہیں،اس ایشو پر ہم کوئی بھی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں،حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہو رہی ہے،ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے ہمارے تین جوان شہید ہوئے اور اب دوبارہ فائرنگ سے ہمارا ایک اور جوان شہید ہو گیا ہے،بھارت کشمیر کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسی حرکتیں کر رہا ہے،ہماری فوج تیار ہے اور ان کی کوئی بھی حرکت ہماری توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹا نہیں سکتی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 12،13دنوں سیبھارت کے کشمیر کے بارے میں اقدامات پر پوری دنیا میں احتجاج جاری ہے،حکومت پتہ نہیں کیوں بے بسی کا شکار ہے،وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں کیا کروں؟وزیر خارجہ ایک طرف کہہ رہے ہیں کہ ہم سلامتی کونسل میں یہ ایشو لے گئے ہیں جبکہ دوسری طرف کہتے ہیں کہ وہاں ہمارے لیئے پھول لیکر کھڑے نہیں ہونگے۔جب سے بھارت نے کشمیر پر یلغار کی ہے حکومت کے ہاتھ پاوں پھولے ہوئے ہیں،چین کے علاوہ کسی ملک نے واضح طور پر پاکستان کی حمایت نہیں کی جبکہ بیشتر مسلم ممالک نے بھی اسے بھارت کا اندورنی مسئلہ قرار دیا ہے۔کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں،کشمیر دنیا کی جیل بن چکا ہے۔

 قمر زمان کائرہ

مزید :

صفحہ آخر -