کراچی میں صفائی کا مسئلہ ایک مہم سے  حل نہیں کیا جاسکتا،مصطفی کمال

  کراچی میں صفائی کا مسئلہ ایک مہم سے  حل نہیں کیا جاسکتا،مصطفی کمال

  

کراچی (آئی این پی) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کراچی میں صفائی کا مسئلہ ایک مہم سے حل نہیں کیا جاسکتا، آرمی چیف کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کریں۔جمعہ کو پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں صفائی کا مسئلہ ایک مہم سے حل نہیں کیا جاسکتا، شہر سے کچرے کو دو دو مہینے تک نہیں اٹھایاجاتا ہے، پورا شہر ہی کچرا کنڈی بنا ہوا ہے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ صفائی مہم کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیاجانا چاہیئے، شہر میں کچرا نہ اٹھنے سے بیماریاں پھیلیں گی، ہمارے دور میں شہر میں جراثیم اور بدبو کے خاتمے کے لئے اسپرے کرایا جاتا تھا، آلائشوں کو زمین میں دفن کیاجاتا تھا۔پی ایس پی سربراہ نے کہا ہمارے دور میں یہ نہیں دیکھاجاتا علاقہ کس کا ہے،کام دیکھاجاتا تھا، کراچی کا مسئلہ اونر شپ کا ہے، کراچی میں مسئلہ نہیں شہر میں حکومت کرنیوالوں کے درمیان مسئلہ ہے، شہر کے مسائل کے حل کیلئے ہرآدمی اپنی ڈیڑھ انچ کی مسجد بناکر بیٹھ گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا آرمی چیف کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کریں۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کیلئے جوکام میں نے کیے وہی کام دوبارہ کردیں، علی زیدی وفاق سے فنڈز لاکر 5گاربیج ٹرانسفر پوائنٹس بنادیں۔

مصطفی کمال

مزید :

صفحہ آخر -