بابائے اردو مولوی عبدالحق ایک عہد ساز شخصیت تھے،سید ارشد حسن

بابائے اردو مولوی عبدالحق ایک عہد ساز شخصیت تھے،سید ارشد حسن

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا ہے کہ بابائے اردو مولوی عبدالحق ایک عہد ساز شخصیت تھے جنہوں نے اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لئے بے مثال خدمات انجام دیں، اردو زبان کی ترویج کے لئے جامعہ اردو کا قیام انہی کی مرہون منت ہے، اردو ہماری قومی زبان ہے جس نے پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کو اپنے اندر جوڑ رکھا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی کسی بڑی شاہراہ کو ”شارع اردو“ کے نام سے موسوم کرے گی، جس کے لئے کونسل سے قرار داد منظور کرائی جائے گی جبکہ جامعہ اردو کے مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے اردو مولوی عبدالحق کی 58 ویں برسی پر اہلیان شہر کی جانب سے ان کے مزار پر حاضری، پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین، صدر انجمن ترقی اردو واجد جواد، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر عبدالغفور، پروفیسر سحر انصاری، ذوالقرنین راجو جمیل بھی موجود تھے، ڈپٹی میئرکراچی نے کہا کہ بابائے اردو مولوی عبدالحق نے اردو زبان کو ہماری قومیت کی نشانی، اسلاف کی یادگار اور ہماری تہذیب و تمدن کی امین قرار دیا تھا مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دہرے نظام تعلیم کے باعث ہم قومی زبان کو وہ مقام نہیں دے سکے جو اس کا حق تھا، اگر اردو کو ذریعہ تعلیم بنایا جاتا تو قومی ترقی میں بہتری آتی کیونکہ اردو ہی وہ زبان ہے جس نے پاکستان کے تمام صوبوں، قومیتوں اور تمام پاکستانیوں کو باہم متحد کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے جس کی ترقی اور خوشحالی میں سب ہی زبانیں بولنے والے شریک ہیں مگر ان سب کے درمیان رابطے کی زبان صرف اردو ہی ہے، اردو زبان کو سرکاری زبان کا درجہ دینے کے عدالتی احکامات موجود ہیں مگر بدقسمتی سے اس پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہوپا رہا، ہمیں بابائے اردو مولوی عبدالحق کی برسی کے موقع پر آج یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم سب مل کر اردو زبان کے فروغ کے لئے کام کریں گے، تقریب سے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین، صدر انجمن ترقی اردو واجد جواد، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بابائے اردو مولوی عبدالحق کی فروغ اردو کے لئے کی جانے والی زبردست کاوشوں اور خدمات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...