نبی کریمﷺ کے اوصاف حمیدہ انکی شخصیت کا خاصہ تھے،شیخ خالد احترام

نبی کریمﷺ کے اوصاف حمیدہ انکی شخصیت کا خاصہ تھے،شیخ خالد احترام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹا ف رپورٹر) اخلاق کے عظیم مرتبے پر فائز محمد عربی ﷺ کے اوصاف حمیدہ انکی شخصیت کا خاصہ تھے۔ نبی مکرم ﷺ کی مکی اور مدنی زندگی امت محمدیہ کیلئے نمونہ ہے اور ایک موقع پر سیدنا عمر فاروقؓ نے کہا تھا کہ ہمیں اسلام کو اپنانے کے بعد عزت و تکریم ملی ہے۔ عرب و عجم کی ساری سلطنتیں آپ ﷺ اور خلفائے راشدین کے زیر نگین رہیں۔ یہ اسلام ہی کا طرہ امتیاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی دارالامارات محمدی مسجد برنس روڈ میں مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ کے استاد شیخ خالد احترام نے جمعۃ المبارک کا خطبہ ارشاد فرماتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان صرف ایک سال کا امتحان دینے کیلئے اپنی تمام خواہشات اور مصروفیات کو ترک کرکے امتحان کی تیاری کرتا ہے تاکہ اچھے نمبروں سے پاس ہوسکے لیکن اپنی پوری زندگی کے امتحان کی تیاری نہیں کرتا۔ ہمیں نہایت سنجیدگی کے ساتھ اپنے معمولات اور معاملات کو کچھ اس طرح آرگنائز کرنا ہوگا کہ عارضی زندگی کے ساتھ ساتھ ابدی زندگی کی تیاری بھی مکمل ہوتی رہے۔ مولانا خالد احترام نے کہا کہ محمدی ﷺ کے کلچر کو اپنانے سے ہماری زندگی میں نورِ بصیرت کا سیلاب امڈ آئیگا۔ میں آج امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرحمن سلفی کی دعوت پر آپ سے مخاطب ہوں اور آپکو مدینے والے کالی کملی والے کا ایک اہم پیغام دینے آیا ہوں۔ وہ یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوان بچوں کو قرآن کا حافظ بنائیں اور انہیں قرآن کے پانچ حقوق کے بارے میں بھی آگاہ کریں۔ اس طرح انکی زندگی میں بھی محمدی انقلاب برپا ہوجائیگا۔ اس تھوڑی سی زندگی کو دین کیلئے وقف کردیں اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی فلاح کا راز مضمر ہے۔ نماز جمعہ کے بعد شیخ خالد احترام نے طویل رقت آمیز دعا کروائی اور خاص طور پر امیر محترم عبدالرحمن سلفی و دیگر نوجوان اور خواتین و حضرات کیلئے بھی دعا کی گئی۔