کوئٹہ، مسجد میں دھماکہ، 5نمازی شہید، 23زخمی، 4کی حالت تشویشناک

کوئٹہ، مسجد میں دھماکہ، 5نمازی شہید، 23زخمی، 4کی حالت تشویشناک

کچلاک/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زورداردھماکے کے نتیجے میں 5افرادشہید اور23 زخمی ہوگئے،جن میں سے4کی حالت تشویشناک ہے،دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکوئٹہ میں کچلاک کے علاقے کلی قاسم میں ایک مدرسے کے اندر واقع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اس وقت زور داردھماکہ ہوجب دعا کی جارہی تھی۔دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز دور دراز تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے مدرسے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔کچلاک بم دھماکے کے بعد صوبائی وزیرصحت میر نصیب اللہ کی ہدایت پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال کو بم دھماکے کے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعدازاں ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کلی قاسم میں واقع مسجد میں بم دھماکے میں 2سے 3کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ا ور یہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جبکہ بم مسجد کے منبر کے نیچے رکھا گیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی نے بتایا کہ مسجد میں سکیورٹی کے فرائض پولیس اور مدرسے کی انتظامیہ مل کر انجام دیتی تھی اور دھماکے کے وقت بھی پولیس کا ایک اے ایس آئی اور2کانسٹیبل مسجد کے باہر موجود تھے۔کچلاک کی مسجد میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کے امن و امان کو سبوتاژکر کے اپنے مذمو م مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے، انہوں نے بم دھماکے کو دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی اور شکست خوردہ ذہنیت قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کچلاک دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بم دھماکہ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر انتہائی افسردہ ہوں،نہتے نمازیوں پر وار دہشتگردوں کی بزدلی اور سفاکیت کی انتہا ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور فورسز دشمن کی ہر بزدلانہ کارروائی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے بم دھماکہ کو دشمن کی جانب سے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں شہید نمازیوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

کوئٹہ/دھماکہ

مزید : صفحہ اول


loading...