عمران خان کا ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

عمران خان کا ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔ عمران خان نے بھارت کے غاصبانہ اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورمقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان12منٹ اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی جبکہ مستقبل میں بات چیت اور رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  مودی کی قیادت میں ہندوتوا حربے مقبوضہ کشمیر میں بری طرح ناکام ہوں گے اور ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کسی صورت بھی دبایا نہیں جا سکتا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ فاشسٹ ہندو برتری کے غرور میں مبتلا مودی حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ فوجوں، جنگجوؤں اور دہشت گردوں کو طاقتور فورسز سے شکست دی جا سکتی ہے لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ جب ایک قوم اپنی آزادی کیلئے متحد ہو جائے تو نہ وہ موت سے ڈرتی ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت ایسی قوم کو منزل کے حصول سے روک سکتی ہے۔
عمران خان/ڈونلڈ ٹرمپ

مزید :

صفحہ اول -