کورٹس کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے، اشفاق خان

کورٹس کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے، اشفاق خان

  

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران عدالتوں کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل الرحمٰن کھاڑک،ایس پی سکیورٹی لاہورمحمد نوید،ایس پی سکیورٹی لاہور ہائی کورٹ نوید ارشاد،ایس پی سٹی سید غضنفر علی شاہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی فضل ربی چیمہ،ڈی ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سمیت شہر کی تمام کورٹس کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ عدالتوں میں آنے والے ہر شخص کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں آنے والے ہر شخص کو مکمل تلاشی کے بعد ہی عدالتوں میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ اشفاق خان نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں پولیس اسٹیشنز کا کلیدی کردار ہے۔ تھانوں کی حالت بہتر بنائے بغیر جرائم کا خاتمہ اور انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران تھانے آنے والے ہرسائل سے خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آئیں۔

سائلین کے مسائل توجہ سے سننے سے ہی ممکنہ حد تک موقع پر ہی حل ہوجاتے ہیں۔کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد سائلین کے درینہ مسائل کا فوری حل ہے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورنے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان کہا ہے کہ کھلی کچہری کے علاوہ بھی شہری دفتری اوقات میں کسی بھی وقت بلا جھجک اپنے مسائل کی شنوائی کیلئے براہِ راست میرے دفتر تشریف لائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تھانوں میں ایس ایچ اوز بھی روزانہ شام 04 تا 06 بجے تک باقاعدگی سے سائلین کے مسائل سن کر حل کر رہے ہیں۔ اشفاق خان نے مزید کہا کہ امن وامان کا قیام اور لوگوں کی جان و مال کاتحفظ محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

مزید :

علاقائی -