خطے کی نازک صورتحال میں جان بوجھ کرحالات خراب کئے جارہے ہیں، اسفند یارولی   

  خطے کی نازک صورتحال میں جان بوجھ کرحالات خراب کئے جارہے ہیں، اسفند یارولی  ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)  عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کوئٹہ کے شہر کچلاک میں مدرسہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مساجد اور نمازیوں پر بزدلانہ حملے کرکے معصوم شہریوں کی جانیں لینے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی مذہب یا نظریہ سے کوئی تعلق نہیں،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور نے پھر سے سر اٹھا لیا ہے اور پے در پے واقعات نے ثابت کر دیا کہ دہشت گرد منظم ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکمرانوں کو مذمت کی پالیسی سے بڑھ کر اقدامات کرنا ہونگے، اسفندیار ولی خان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو رہے ہیں، اے این پی کے بارہا مطالبے کے باوجود مصلحت سے کام لیا جا رہا ہے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، انہوں نے کہا کہ خطے کی نازک صورتحال میں جان بوجھ کو حالات خراب کئے جا رہے ہیں جس سے امن کے امکانات کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے، اہوں نے کہا کہ آج کا دن بلوچستان کیلئے ایک اور وحشت دزہ دن تھا جب ہم نے مزید قیمتی جانیں گنوا دیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا ہونگے اس سے قبل کے حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں،، تاہم اب وقت ہے کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلئے اس بارے میں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں، نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں کہیں بھی عمل درآمد نہیں ہوا اور حکومتوں کی ”اگر مگر“کی پالیسی کا نقصان ملک کے عوام کو ہوا۔انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

مزید :

صفحہ اول -