" ہم بھی ذرا وسیم خان سے پوچھیں کہ وہ آخر ۔ ۔ ۔" وہ رکن اسمبلی جس نے پی سی بی کیخلاف کمر کس لی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے کہا کہ انہوں نے قومی اسمبلی کے سیشن کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان سے کرکٹ کے امور پر گفتگو کرنے کی درخواست کی تھی، انہیں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ جلد اس حوالے سے ملاقات کیلئے وقت دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے سربراہ آغا حسن سے کہا ہے کہ جلد اجلاس طلب کریں، ذرا وسیم خان سے پوچھیں کہ وہ آخر کرکیا رہے ہیں؟ جیونیوز کے مطابق اقبال محمد علی نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز راشد لطیف ، معین خان اور جلال الدین سے سوال کیا کہ آخر ان کی اکیڈمی کر کیا رہی ہے، کیا اکیڈمی میں صرف پیسے بنائے جا رہے ہیں؟ لگتا تو ایسا ہی ہے کیوں کہ ایشیا کپ انڈر 19 کیلئے منتخب ٹیم میں کراچی کے ایک لڑکے کا نہ ہونا ہمارے لیے شرم کا مقام ہے۔اقبال محمد علی نے بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان سے فون پر گفتگو کی ہے کہ لگتا ہے جونیئر چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی 56 سال کی عمر میں بینائی کمزور ہوگئی ہے تب ہی انہیں کراچی کا ایک لڑکا بھی نظر نہیں آیا۔