فروری کی کشیدگی کے دوران بھارتی آبدوز کا پتہ لگانے والے افسران کیلئے بڑے انعام کا اعلان کردیا گیا

فروری کی کشیدگی کے دوران بھارتی آبدوز کا پتہ لگانے والے افسران کیلئے بڑے ...
فروری کی کشیدگی کے دوران بھارتی آبدوز کا پتہ لگانے والے افسران کیلئے بڑے انعام کا اعلان کردیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز کیلئے فوجی اعزازات کی منظوری دے دی ہے۔ ان میں وہ افسران بھی شامل ہیں جنہوں نے فروری کی کشیدگی کے دوران بھارتی آبدوز کی پاکستان کی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق صدرِپاکستان نے دشمن کی آبدوز کا سراغ لگانے والے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارہ بسالت اورلیفٹیننٹ کمانڈر خرم داﺅد کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی ہے۔
خیال رہے کہ 4مارچ کو پاک بحریہ کے افسران نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی پانیوں میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔ پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی آبدوز کی فوٹیج بھی جاری کی گئی تھی جبکہ ترجمان پاک بحریہ نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ آبدوز کو آسانی کے ساتھ تباہ کیا جاسکتا تھا لیکن پاکستان نے ضبط اور تحمل کی پالیسی اپنائی۔
صدر مملکت نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی آبدوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کامیابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر کیپٹن ایلیا حسن کو ستارہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی ہے۔
جب بالا کوٹ واقعہ ہوا تو پاکستانی آبدوز پی این ایس ایم سعد اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی نیوی کی نظروں سے اوجھل ہوگئی۔ پاکستانی جدید ترین آبدوز کے جنگی پوزیشن لینے پر بھارت کو خطرہ پڑ گیا کہ کہیں آبدوز گجرات کے ساحل یا ممبئی میں مغربی بیڑے کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ نہ کر دے۔بھارتی نیوی 21 روز پی این ایس/ایم سعد کی تلاش میں ماری ماری پھرتی رہی لیکن بھارتی نیوی اپنے 60 جنگی جہازوں سے مل کر بھی پاکستانی آبدوز کا پتہ چلانے میں ناکام رہی تھی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے تین ریئرایڈمرلز کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 آفیسرز کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 13 آفیسرز کو تمغہ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ پاکستان نیوی کے 2 آفیسرز کو ستارہ بسالت ، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔