شاہین تھری میزائل بلوچستان سے چلایا جائے تو کتنی دیر میں اسرائیل پہنچ جائے گا؟ ڈاکٹر شاہد مسعود نے بڑا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا شاہین تھری میزائل بغیر کسی رکاوٹ کے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر گر سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ اگر شاہین تھری میزائل بلوچستان سے پرواز کرے تو وہ بغیر کسی رکاوٹ کے ٹھیک 12 منٹ کے بعد سیدھا جا کر تل ابیب پر گرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور اسرائیل کے راستے میں ایران، عراق اور اردن آتے ہیں جن کے پاس کوئی میزائل ڈیفنس سسٹم نہیں ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ میزائل سیدھا اسرائیل تک جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے میڈیم رینج بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا مارچ 2015 میں تجربہ کیا تھا ۔ یہ 2750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے اور ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ پاکستان کا شاہین تھری میزائل آواز کی رفتار سے 18 گنا زیادہ تیزی کے ساتھ سفر کرتا ہے جو 21 ہزار 468 کلومیٹر فی گھنٹہ بنتے ہیں ۔
اگر بذریعہ سڑک کوئٹہ سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کا فاصلہ دیکھا جائے تو یہ 4 ہزار 182 کلومیٹر بنتا ہے جبکہ یہی سفر اگر فضائی ہو تو یہ مزید کم ہو کر 2 ہزار 934 کلومیٹر رہ جاتا ہے۔