کشمیر کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے:شیخ رشید احمد
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیر کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے،مودی کی بے وقوفی سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر زندہ ہو گیا ہے،جدوجہد کرنے والے دہشتگرد نہیں ہوتے وہ آزادی کے لیے لڑنے والے مجاہد ہوتے ہیں۔
لندن میں معاون خصوصی وزیراعظم انیل مسرت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کا پیغام واضح ہے، کشمیر کی خاطر خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے،کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہونے والا غدار ابن غدار ہو گا،اس کا پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت میں رہنے والے مسلمان خوفزدہ ہیں، کشمیری عوام خوراک اور ادویات سے بھی محروم ہیں،پاکستانی عوام کشمیریوں بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، 72سال سے وادی کے شہری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کا حق ہے انہیں آزادی دی جائے۔وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جدوجہد کرنے والے دہشتگرد نہیں ہوتے وہ آزادی کے لیے لڑنے والے فریڈم فائٹر ہوتے ہیں،اب جو بھی فیصلہ ہو گا وہ فریڈم فائٹر کا ہو گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے متحد ہو کر اپنے کردار کا مظاہرہ کرنا ہے،مسلمانوں کو ٹارگٹ بنایا کیا جا رہا ہے،متحد ہو کر سب مسائل کا سامنا کر سکتے ہیں، پاکستان دوستانہ ماحول چاہتا ہے،ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کیساتھ کھڑا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری 75فیصد ٹیکنالوجی میزائل ہے جبکہ 25فیصد بائی ایئر ہے جبکہ ہمارے دشمن کی 75فیصد ٹیکنالوجی بائی ایئر ہے جبکہ 25فیصد ٹیکنالوجی میزائل والی ہے،ایٹمی ہتھیار آتش بازی کے لیے نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر استعمال کیے جائیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری مجبور ہے کہ بھارت میں مسلمان بھی بستے ہیں، ملکی دفاع کرنے کے ہم پابند ہیں،ہم کسی گیدڑ بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے۔