بھارت نے پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کرلی، اب تک کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا
مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے ایسی خبریں ہیں کہ بھارت کشمیر اور پاکستان پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کا آغاز کردیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور خبریں ہیں کہ بھارت کشمیر اور پاکستان پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل کے ساتھ کشمیر کے مسئلے پر مسلسلہ رابطہ برقرار رہنا چاہیے اور ایک کے بعد دوسرا مراسلہ بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے تمام ثبوت سلامتی کونسل کو منتقل کرنے چاہئیں کیونکہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ہندوستان کے یہ سارے کے سارے اعمال قابل گرفت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سلامتی کونسل کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے اور صرف انہی اداروں تک بات محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ عالمی سول سوسائٹی اور دنیا بھر کی بڑی پارلیمنٹس سے بھی رجوع کیا جانا چاہیے۔