عالمی حالات سے بے خبر حکومت سیاسی قیادت کے پیچھے پڑگئی:سید مراد علی شاہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے عالمی حالات سے بے خبر حکومت ملکی کی سیاسی قیادت کے پیچھے پڑ گئی ہے جس سے انتشار بڑھے گا،ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اس اہم مسئلے سے توجہ ہٹانے کیلئے وفاقی حکومت کے وزراء لوگوں کو لٹکانے کی بات کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک عمل ہے کیونکہ سابق صدر نے نیب سے مکمل تعاون کیا اور ہرپیشی پرحاضر ہوئے پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا،پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے تمام رہنما اور کارکنان متحدہ ہیں، ہمارے پارٹی لیڈرز پر اگر کوئی دباؤہے تو ہم اس کا سامنا کرینگے۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ میں ایک ہی خاندان کے5افراد کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانیت سوز واقعہ کس طرح پیش آیا اوراب تک اس پر کیا کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے؟اب تک کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔