بھارت بزدل ملک، اپنے ایجنٹس کے ذریعے وار کرتا ہے:مصطفی ٰ کمال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ بھارت بزدل ملک ہے، اپنے ایجنٹس کے ذریعے چھپ کر وار کرتا ہے،پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، بات جب ملکی سالمیت کی ہوتو حکومت پاکستان کے ملکی مفاد میں ہر اقدام کی بھرپور حمایت کریںگے،پاک سرزمین پارٹی پیر19 اگست 2019 سے عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔
پاکستان ہاؤس میں اراکین نیشنل کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجودمسئلہ کشمیر کے حل کے لئے قوم اپنا بھرپور کردار ادا کریگی لیکن حکومت پاکستان کو بھی بیک وقت سرحدی محاذ کے ساتھ معاشی محاذ پر بھی توجہ دینی چاہئے،الزام تراشیوں سے نکل کر حکومت کو جامع معاشی حکمت عملی بنانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے احتساب کیلئے ادارے موجود ہیں، ان کی کارروائیوں پر بیان بازی کرکے انہیں متنازع بنانے کے بجائے حکومت کو دستیاب وسائل کے بہترین استعمال پر بھرپور توجہ دینا چاہئے۔ سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول15فیصد سستا ہوا جبکہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں15فیصد بڑھا دی گئی ہیں۔