نیازی حکومت نیب گردی سے ڈرا نہیں سکتی، ملک میں سویلین ڈکٹیٹر شپ اور فرعونیت کی حکمرانی قائم کر دی گئی: نثار کھوڑو
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہملک میں سویلین ڈکٹیٹر شپ اور فرعونیت کی حکمرانی قائم کر دی گئی ہے، نیازی حکومت نیب گردی سے ڈرا نہیں سکتی، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ آمرانہ اقدام کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے پر تشدد و غیر جمہوری اقدامات، فریال تالپور کی گرفتاری اور ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقلی کے خلاف سندھ اسمبلی سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی سمیت خواتین ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت سیکڑوں خواتین کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے ماضی میں بھی قربانیاں دیتی آئی ہے اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی قیادت نام نہاد احتساب کے نام پر جیلوں میں سزائیں کاٹتی رہی ہےاور اب بھی قید خانے پیپلزپارٹی کی قیادت سے بھرے ہوئے ہیں لیکن ہم پہلے کبھی جھکے تھے نہ اب جھکیں گے ۔