سرکاری ہسپتالوں کے ٹیسٹوں کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ ، سی ٹی سکین کا ریٹ 2500 روپے مقرر، بلڈ ٹیسٹ کتنے میں ہوگا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت کی جانب سے باضابطہ منظوری دیے جانے کے بعد محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں لیبارٹری ٹیسٹوں کی فیسوں میں 200 فیصد تک کا اضافہ کردیا ہے۔
پنجاب بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت ختم کردی گئی ہے اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کو تمام ٹیسٹوں کے نرخوں پر مشتمل نوٹیفکیشن ارسال کردیے گئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے تمام تشخیصی ٹیسٹ مفت ہوں گے۔
محکمہ صحت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈینٹل آﺅٹ ڈورسے مفت پرچی کی سہولت ختم کرکے پرچی کا ریٹ 50 روپے مقرر کردیا گیا ہے جبکہ سی ٹی سکین ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کا کردیا گیا ہے۔ خون کا ٹیسٹ 200 روپے ، ای سی جی کے نرخ100 روپے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ایل ایف ٹی کا ریٹ 50 سے 300 روپے کردیا گیا ہے۔
سرکاری ہسپتالوں سے مفت پارکنگ کی سہولت کا بھی خاتمہ کردیا گیا ہے جس کے بعد کار کی پارکنگ فیس 20 اور موٹر سائیکل کی 10 روپے وصول کی جائے گی۔