کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(پ ر) بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ کشمیر سنٹر لاہور کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔مظاہرے سے ممبر قانون ساز اسمبلی و صدر تحریک انصاف لاہورغلام محی الدین دیوان، انچارج کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمود، رہنما ن لیگ غلام عباس میر، ہمایوں زمان مرزا چیئرمین ہیومین رائٹس کونسل، رہنما تحریک انصاف راجہ امجد راٹھور، حافظ مشتاق احمد قادری، مرزا صادق جرال اورفاروق آزاد نے خطاب کیا۔ غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کی آبیاری کی ہے۔ تمام تر بھارتی ظلم وجبر اور سخت ترین پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باوجود یہ تحریک آج بھی جاری ہے۔
اور منطقی انجام تک جاری رہے گی۔آج بھی مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتا ل ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لائیں گے۔ سردار ساجد محمود نے کہا کہ آج ہم بھارتی یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ بھارت کو کشمیرکے بنیادی حقوق سلب کر کے یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں۔