پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،عزیز الرحمن چن

پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،عزیز الرحمن چن

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے اجلاس میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے نیب کو حکومت کی پاکٹ یونین قرار دیکر اس کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اس بات کا بھی اعلان کیا گیا ہے کہ پارٹی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جبکہ پارٹی لیڈر شپ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر بھرپور عزم کااظہار کیا گیا ہے۔ تنظیمی اجلاس صدر لاہور حاجی میاں عزیز الرحمن چن کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ واقع گلبرگ میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری اسرار الحق بٹ‘ سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی‘ زاہد زوالفقار خان‘ فیصل میر‘ خرم فاروق سمیت دیگر زونل صدور و عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں فیصل میر نے ایک قرار دار پیش کی کہ چونکہ نیب کا ادارہ اس وقت حکومت کی ایک پاکٹ یونین کی شکل اختیار کر چکا ہے اس کو فی الفور ختم کیا جائے جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جبکہ فیصل میر نے لاہور کے صدر ھاجی عزیز الرحمن چن سے کہا کہ وہ ہمیں لائن آف ایکشن دیں کہ اگر آج پیر کو آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر ان کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اس پر ہمارا کیا لایحہ عمل ہونا چاہئے اور یہ بھی کہا کہ چونکہ ہمارا کارکن زیادہ تر (ن) لیگ کی وجہ سے زیر عتاب رہا ہے اس لئے ہمیں ان کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک نہیں چلانی چاہئے تاہم اگر قیادت کا حکم ہو گا کہ ہم نے ان کے ساتھ ملکر تحریک چلانی ہے تواس پر عمل کریں گے مگر آپ سینٹرل پنجاب سے اس حوالے سے بات کر لیں انہوں نے مارچ میں آنیو الے سینٹ کے الیکشن کی حکمت عملی ابھی سے ترتیب دینے پر بھی تجویز دی۔ سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ ہمیں پارٹی کے ایم پی اے اور ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈرز اور زونل صدور کی مشاورت کے ساتھ ملکر بلدیاتی امیدوار میدان میں اتارنے چاہئے تاکہ ہم بہتر رزلٹ حاصل کر سکیں، ھاجی میاں عزیز الرحمن چن نے کہا کہ ہم اپنی لیڈر شپ پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہیں اگر ان کی خاطر ہمیں اپنی جانوں کا نذارنہ بھی دینا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے جو زونل عہدیدار کام نہیں کرے گا ان کی جگہ پر نئے لوگوں کو لیکر آئیں گے کچھ جگہوں پر ہم نے تبدیلیاں بھی کی ہیں۔  

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -