وزیراعظم اور وزراء میں نفاق وفاق کیلئے زہرقاتل ہے،الطاف شاہد

   وزیراعظم اور وزراء میں نفاق وفاق کیلئے زہرقاتل ہے،الطاف شاہد

  

لاہور(پ ر)پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ وزیراعظم اوروفاقی وزراء کے درمیان نفاق پیداہونا وفاق کیلئے زہرقاتل اور تشویشناک ہے۔ہمارا محبوب ملک نازک دورسے گزررہا ہے مگرافسوس حکمران بہت محدودسوچ رکھتے ہیں،یہ عہدوں کیلئے ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کاوقت نہیں بلکہ اس وقت ایک دوسرے کاہاتھ تھام کر پاکستان کی مضبوطی کیلئے کرداراداکرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم اوران کے وزراء ہمارے ہردلعزیز قائدسیّد مصطفی کمال کی باکمال شخصیت اوران کی تعمیری سیاست سے کچھ سیکھیں۔ 

چوہدری محمد الطاف شاہدنے مزید کہا کہ ارباب اقتدار کے درمیان تناؤاور کھینچا تانی سے ریاست کے قومی مفادات متاثر ہوں گے جبکہ عام آدمی کیلئے زندگی مزیددشوارہوجائے گی۔حکومت کے اندرونی اختلافات اخبارات کی زینت کیوں بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ایس پی کی طرح پی ٹی آئی نظریاتی جماعت ہوتی تووزیراعظم عمران خان کاکوئی وزیریامشیرانہیں بائی پاس نہ کرتا۔وفاقی کابینہ سمیت حکمران جماعت کے اندر ڈسپلن کافقدان اوربحران ہے،وزیراعظم اپنے معاملات درست کریں ورنہ بہت دیرہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوئی شخصیت ریاست سے زیادہ اہم نہیں ہوسکتی،جو قوم کے اعتماد پرپورانہیں اترسکتا وہ اپنااپنا منصب چھوڑ دے۔شہرقائد ؒ کیلئے آپشن تلاش کرنیوالے نااہل حکمرانوں کے چہروں سے ڈپریشن جھلک رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کو ڈیلیورکرنے کیلئے نیت کافی نہیں،صلاحیت اورقابلیت بھی ناگزیر ہے۔پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی نے اپنی اپنی سیاسی توانائیاں ایک دوسرے کامیڈیا ٹرائل کرنے میں جھونک دی ہیں،یہ دونوں فریق عوام کے ساتھ مخلص اوران کے ہمدرد نہیں ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -