ساؤتھمپٹن ٹیسٹ،چوتھے روز کا کھیل بارش کے باعث ختم
ساؤتھمپٹن (نیٹ نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کا چوتھا روز بھی خراب موسم کا شکار ہوگیا۔چوتھے روز بارش کے باعث صرف 10.2 اوورز کا کھیل ہی کھیلاجاسکااورکھیل ختم کردیا گیا۔چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنا رکھے تھے، رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔محمد رضوان نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی اور وہ اپنے اسکور میں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد اسٹیورٹ براڈ کا شکار ہو گئے اور پوری پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف236 رنز ہی بناسکی۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ نے 4 جب کہ جیمز اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں اوپنر روری برنس بغیر کوئی رنز بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کل 5 اوورز ہی کھیل سکی اور خراب موسم اور بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔کھیل رکنے سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کی پہلی اننگز 236رنز کے جواب میں 1وکٹ کے نقصان پر 7رنز بنائے ہیں۔