ایکسل لوڈ قانون پر عملدرآمد کروایا جائے،گڈز ٹرانسپورٹ اونرز

ایکسل لوڈ قانون پر عملدرآمد کروایا جائے،گڈز ٹرانسپورٹ اونرز

  

لاہور(این این آئی)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اہم قومی شاہراہوں کو بلاک کرنے پر مجبور نہ کرے، اوورلوڈنگ کے خلاف ایکسل لوڈ قانون پر سختی سے عملدرآمد نہ ہونے سے اربوں روپے کی قومی شاہراہیں تباہ و برباد ہو رہی ہیں لیکن متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماؤں کا اہم اجلاس محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری لاہو ر ڈویژن محمداظہرقادری،اختر خان نیازی سمیت مختلف شہروں سے آئے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملکی مفاد میں ایکسل لوڈ قانون کے حوالے سے دئیے گئے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرانا حکومتی غفلت اورنااہلی ہے۔اجلاس کے شرکاء نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ عدالت کے ایکسل لوڈ قانون فیصلے پر عملدرآمد نہ کرانے پرحکومت، آئی جی موٹروے اور چیئرمین این ایچ اے کے خلاف توہین عدالت کی درخوا ست دائر کی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت، آئی جی موٹروے اور چیئرمین این ایچ اے کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے اربوں روپے سے تعمیر ہونے والی قومی شاہراہیں تباہ ہو رہی ہیں۔اظہرقادری نے کہا کہ ہم قانون پر مکمل عملدرآمد چاہتے ہیں اوراب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ہمیں ایکسل لوڈ قانون پر عملدرآمد کروانے کیلئے اگر ہزاروں ٹرک ٹرالر اہم قومی شاہراہوں پر کھڑے کر کے روڈ بھی بلاک کرنے پڑے تو اس سے گریز نہیں کیا جائے گا اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا اس لئے قانون پر عمل درآمد کروایا جائے۔

مزید :

کامرس -