مریم نواز نے نیب پیشی پر خود پتھراؤ کروایا، باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی: شیخ رشید
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا کہ مریم نواز کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مریم نوازنے نیب پیشی پرخودپتھراؤ کروایا،پیپلزپارٹی بھی ن لیگ کے نقشے قدم پرچلے گی،امکان ہے کہ آصف زرداری کی پیشی پر ہنگامہ آرائی ہو۔ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز گزشتہ دس روز سے آخر تک رابطے میں رہیں اور حکومت سے درخواست کی کہ مجھے باہر جانے دیں مگر اس معاملے پر کوئی پیشرفت ہوئی اور نہ ہی کوئی بات بن سکی۔ انہوں نے کہاکہ نیب پر پتھراؤ کیا گیا اور سینہ ٹھوک کر کہا گیا کہ دیکھو اینٹ سے اینٹ بجادی۔ میڈیا نے پتھروں کے تھیلے دکھا کر انہیں زیروکردیا ورنہ یہ معاملہ یکطرفہ ہوسکتا تھا۔ مریم نواز پتھراؤ کی غرض سے ہی نیب پیشی پر گئیں۔ ملک بھر سے کارکنان کو بلایا گیا۔ مریم نوازنے پتھراؤ کر کے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کی دونوں بڑی پارٹیاں نیب کو ختم کرنے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کہتے ہیں کہ حکومت کو ہٹاؤ تو سب کو فائدہ ہے مگر دونوں پارٹیاں بڑا قدم اٹھانے اور مولانا کے ساتھ چلنے کے لیے تیار نہیں۔ چودھری برادران عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔
خود پتھراؤ