گلگت بلتستان میں سیاحوں کا رش، 5فیصد سے بھی  کم کے پاس کورونا کی رپورٹ ہونے کا انکشاف

گلگت بلتستان میں سیاحوں کا رش، 5فیصد سے بھی  کم کے پاس کورونا کی رپورٹ ہونے ...

  

 گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کے کیسز تیزی سے کم ہو رہے ہیں لیکن سیاحتی مقامات کھلنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کا رخ کیا ہے اور ان افراد میں سے 5فیصد سے بھی کم کے پاس کورونا وائرس کی رپورٹ ہیں محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے انکشاف کیا ہے کہ گلگت بلتستان آنے والے ڈھائی لاکھ کے قریب سیاحوں میں سے 5فیصد سے بھی کم کے پاس لیبارٹری رپورٹس تھیں جو انتہائی تشویش ناک اور ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں 20 سیاحوں میں کورونا وائرس کی علامات پر انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جبکہ بعض کی طرف سے غلط معلومات پر ان سے رابط نہیں ہو رہا۔ڈاکٹر شاہ زمان کے مطابق صوبوں اور وفاق نے تعاون نہ کیا تو سردیوں میں گلگت بلتستان میں کورونا کی صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے۔اس سلسلے میں آج ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں موثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔شاہ زمان کے مطابق گلگت بلتستان میں روزانہ 150 کے قریب سیاحوں کی گاڑیاں داخل ہو رہی ہیں جن میں 95 فیصد کے پاس کورونا ٹیسٹنگ رپورٹس نہیں ہوتی ہیں اس لیے داخلہ مقامات پر سیاحوں کی رینڈم ٹیسٹنگ شروع کر دیا انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کے پاس انتہائی محدود وسائل ہیں اور ایسے میں عدم تعاون کا یہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل جاری رہا تو علاقے میں کورونا کے خطرات بڑے المیے کو جنم دے سکتے ہیں۔شاہ زمان نے کہا کہ حالات کے پیش نظر تمام ہوٹلوں کو پابند کیا گیا ہے کہ 20 فیصد کمروں کو کرونا سے متاثرہ سیاحوں کے لیے ریزرو کر دیا جائے تاکہ انہیں فوری قرنطینہ کیا جا سکے۔

کرونا گلگت بلتستان

مزید :

صفحہ آخر -