کورونا پر منفی سیاست کرنیوالوں کو اب انتشار پھیلانے سے توبہ کر لینی چاہیے: عثمان بزدار 

    کورونا پر منفی سیاست کرنیوالوں کو اب انتشار پھیلانے سے توبہ کر لینی ...

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا جیسے قومی چیلنج پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی انسداد کورونا کے موثر اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیاہے-کورونا پر منفی سیاست کرنے والوں کواب انتشار کی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے-اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا اور اب مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے تبدیلی بنیاد رکھ دی ہے- عام آدمی کو ریلیف دینے کاہر کام کر گزریں گے-اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اے پی سی کا ڈرامہ لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہوچکا ہے- اپوزیشن رہنما ؤں نے صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے اے پی سی کا شوشہ چھوڑا- انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا کرنے والے مزید 3سال صبر کریں - اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے -انہوں نے کہاکہ عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے - وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کاپامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں - پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت اور قومی ترقی کے مشن پر عمل پیرا ہے اورحکومت مدت پوری کرے گی۔ سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے بروقت او رموثر اقدامات سے صوبے میں گندم اورآٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے-پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے-گندم او رآٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے آئندہ بھی ہر انتظامی قدم اٹھایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے اور کسی کو عوام کا ا ستحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک کے حکام اورانتظامی افسران گندم اور آٹے کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھیں اورعوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔انہوں نے کہاکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان کے علاقے میں 5سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور مقتول بچے کے غمزدہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -