بحرین،عمان اورمسلم افریقی ممالک جلد متحدہ عرب امارات کی تقلید کرینگے،اسرائیل

بحرین،عمان اورمسلم افریقی ممالک جلد متحدہ عرب امارات کی تقلید ...

  

 یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) اسرائیلی انٹیلی جنس کے وزیر ایلی کوہن نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں بحرین اور عمان بھی متحدہ عرب امارات کے نقش قدم پر چلیں گے اور دیگر مسلمان ممالک سے بھی آئندہ برس تک معاہدوں کا امکان ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وزیر برائے انٹیلی جنس ایلی کوہن نے اتوار کو اسرائیل کے آرمی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمان اور بحرین سے بھی امارات جیسے معاہدے ہونیوا لے ہیں، اس کے علاوہ مسلمان افریقی ممالک سے بھی سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے ہو جا ئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں عمان اور بحرین لازمی طور پر ایجنڈا کا حصہ ہیں اور میرے تجزیے کے مطابق آئندہ برس میں مسلم افریقی ممالک سے بھی امن معا ہد ے ہوجائیں گے جن میں سوڈان سرِ فہرست ہے۔دوسری جانب اسرائیلی روزنامے دی ہیرٹز کی رپورٹ کے مطابق صہیونی وفد آئندہ چند روز میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کریگاجس میں وفد ابو ظہبی اور تل ابیب کے درمیان امن سمجھوتے کی تفصیلات پر بات چیت کی جائیگی۔رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل انتظامیہ بحرین اور عمان جیسے دیگر خلیجی ممالک کیساتھ بھی تل ابیب کیساتھ سفارتی تعلق کی بحالی کے بارے میں مذاکرات کر رہی ہیں۔اگرچہ بحرین اور عمان نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن سمجھوتے کیساتھ کھلے تعاون کا اظہار کیا تھا تاہم دونوں ملکوں کی طرف سے تاحال اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کے معاملے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے، دونوں ممالک سے حکام آئندہ دنوں میں ملاقاتیں کریں گے اور مختلف شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط کر یں گے۔واضح رہے متحدہ امارات، 1979ء میں مصر کے اور 1994 ء میں اردن کے بعد اسرائیل کیساتھ امن سمجھوتہ کرنیوالا تیسرا عرب ملک ہے۔

اسرائیل 

مزید :

صفحہ اول -