کوروناویکسین کی افادیت 50فیصد ضروری،چین نے معیار طے کرلیا

   کوروناویکسین کی افادیت 50فیصد ضروری،چین نے معیار طے کرلیا

  

  بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے کہا ہے کہ کوروناکی روک تھام کے لیے ویکسینز کی منظوری اسی صورت میں دی جائے گی جب ان کی افادیت کی شرح کم از کم 50 فیصد اور کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت 6 ماہ تک برقرار رکھ سکے گی۔چین کے سینٹر فار ڈرگ ایولوشن (سی سی ڈی ای) کا تجویز کردہ مسودہ سامنے آیا ہے جس میں کورونا ویکسین کے حوالے سے ضوابط دیئے گئے ہیں۔اگرچہ اس میں ویکسین کی کم از کم افادیت 50 فیصد قرار دی گئی ہے مگر ویکسینز کے لیے جو ہدف مقرر کیا گیا ہے وہ 70 فیصد آبادی کے لیے موثر ہونا چاہئے۔مسودے کے مطابق ویکسینز کے ہنگامی استعمال کے لیے کم از کم افادیت کی شرح رکھی گئی ہے اور ان میں ایسی ویکسین بھی شامل ہوگی جس کا کلینیکل ٹرائل مکمل نہ ہوا ہو مگر افادیت کو دیکھتے ہوئے اس کے استعمال کی منظوری دے دی جائے گی۔ویکسینز کے آخری ٹرائلز کو مکمل ہونے میں ایک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے مگر مقامی رہنما کسی بھی کامیاب ویکسین کو جلدازجلد متعارف کرانے کے خواہشمند ہیں۔ویکسین کی افادیت کے حوالے سے چینی گائیڈلائنز میں عالمی ادارہ صحت اور یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ہدایات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔سی سی ڈی ای کے مطابق اس نے معیار کا تعین عالمی ادارہ صحت کی ہدایات اور 50 سے زائد ماہرین اور 37 سائنسی ٹیموں سے مشاورت کے بعد کیا۔یہ گائیڈلائنز اس وقت سامنے آئی ہیں جب چین میں 4 کورونا ویکسینز کلینیکل ٹرائلز کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔

کورونا ویکسین 

مزید :

صفحہ اول -