اسرائیل،عرب امارات معاہدے کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے  

اسرائیل،عرب امارات معاہدے کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے  

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسرائیل۔عرب امارت معاہدے کیخلاف امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں سندھ بھر میں بھی کراچی تا کشمور یومِ احتجاج منایا گیا، صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں آج کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور،جیکب آباد، شہداد کوٹ، کشمور، سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ،تھرپارکر،جاتی، شہداد پور، سکرنڈاور راجونظامانی سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ومقامی رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤن وعلماء کرام نے بھی خطاب کیا، مقررین نے امریکہ کے ایما پر اسرائیل،عرب امارات کے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ عرب امارات اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے کیونکہ مسئلہ فلسطین صرف عربوں کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے مصطفی مسجد گارڈن ایسٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات نے اسرائیل سے معاہدہ کرکے پوری امت مسلمہ کے دل دکھائے ہیں، بیت المقدس امت کا قبلہ اول ہے جہاں پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، امت مسلمہ کے دشمن اور ناجائز اسرائیلی ریاست کو پاک سرزمین پر کبھی بھی قبول نہیں کیا جائے گا،پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ لاڑکانہ میں جناح باغ پریس کلب پر تحفظ القدس ریلی سے جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے چند مخصوص سیاسی مفادات کی خاطر القدس کو بیچنے اور مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن نیتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ کو آنے والے الیکشن میں کامیابی دلوانے کیلئے یہ گھناؤنا کردار ادا کیا ہے جس پر پوری امت سوگوار اور فلسطین میں ماتم کا ماحول ہے، عرب ممالک کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ امت مسلمہ کے ڈیڈھ ارب سے زائد مسلمانوں کے دلوں میں بسنے والے مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی مقدس سرزمین کا سودا کریں۔

مزید :

صفحہ اول -