ملک کی سب سے بڑی میڈیسن مارکیٹ سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی

  ملک کی سب سے بڑی میڈیسن مارکیٹ سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی) ڈینسوہال پر واقع ملک کی سب سے بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کی گلیاں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔کراچی کے علاقے ڈینسو ہال کی عمارت کے عقبی راستے پر سیوریج کی لائن ڈالنے کے لیے کی جانے والی کھدائی بھی مارکیٹ کے دکانداروں اور گاہکوں کے لیے دردسر بنی ہوئی ہے۔ میڈیسن مارکیٹ کی گلیوں سے بارش اور سیوریج کے پانی کی تاحال نکاسی نہیں ہوسکی۔  جس کے باعث میڈیسن مارکیٹ میں آمدورفت  میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔اس مارکیٹ سے پورے سندھ اور بلوچستان کے شہروں کو بھی ادویات اور سرجیکل آئٹم سپلائی کیے جاتے ہیں مارکیٹ میں پھیلی گندگی اور آلودگی کی وجہ سے ادویات کا معیار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دکانداروں کے مطابق میڈیسن مارکیٹ تک آنے والا مرکزی راستہ کئی ماہ سے ارباب اختیار کی توجہ کا منتظر ہے۔ڈینسو ہال کی عمارت کی بحالی کے پراجیکٹ کے لیے اس راستے کو سیوریج کی لائن ڈالنے کے لیے کھودا گیا لیکن چار ماہ گزرنے کے باوجود یہ کام مکمل نہ ہوسکا اور اب یہ کھدی ہوئی سڑک موت کا گڑھا بن چکی ہے۔ دکانداروں نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ ڈینسو ہال کے عقبی راستے کی جلد از جلد  مرمت کی جائے سیوریج کی لائن کا کام فوری مکمل کرکے سڑک تعمیر کی جائے اور مارکیٹ کی اندرونی گلیوں سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -