ایکسائز پولیس کی کارروائی،18کلوگرام منشیات برآمد،ملزم گرفتار

ایکسائز پولیس کی کارروائی،18کلوگرام منشیات برآمد،ملزم گرفتار

  

کراچی(کرائم رپورٹر)محکمہ ایکسائز کراچی نے ایک بڑی کاروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 18 کلو گرام گردا منشیات برآمد کرلی اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی ہے جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کراچی کی ایک ٹیم نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انسپکٹر داود کلاچی کی راہنمائی میں اسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر احمد یار کھوسو کی قیادت میں سکندر آباد بلاک نمبر 4 گلی نمبر 8 کیماڑی ضلع مغربی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عثمان کے قبضے سے مجموعی طور 18 کلو گرام گردا منشیات برآمد کرلی۔ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل نمبر کے ایل یو-7620 بھی قبضے میں لے لی گئی۔ تاہم اس دوران ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ گرفتار ملزم محمد عثمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شعیب احمد صدیقی نے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ محکمے کے افسران و اہلکار اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -