کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے 3سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے: ناصر حسین شاہ
کراچی(آئی این پی) وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا اتحاد و اتفاق خوش آئند ہے، یہ اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا،کراچی کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے کہا کہ تینوں جماعتوں کا کراچی کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم عوام کیلئے خوش خبری ہے، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی دشمن عناصر کو یہ اتحاد ایک آنکھ نہ بھائے گا، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں صوبہ سندھ اوربالخصوص کراچی نے ریکارڈ ترقی کی ہے، سندھ حکومت ہر اس جماعت یا فرد کو خوش آمدید کہے گی جو کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرے گی۔دریں اثناء ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے 3،3 نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، کمیٹی میں سندھ کی جانب سے صوبائی وزرا ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے جب کہ وفاق کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے،تمام حکومتیں مل کر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔
ناصر شاہ