توشہ خانہ ریفرنس: آصف علی زرداری آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

توشہ خانہ ریفرنس: آصف علی زرداری آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے
توشہ خانہ ریفرنس: آصف علی زرداری آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ عدالت نے نوازشریف ،یوسف رضا گیلانی کو بھی آج طلب کررکھا ہے ۔
احتساب عدالت نے دیگر تماملزموں کو بھی فردجرم عائد کرنے کیلئے طلب کررکھا ہے،آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کیلئے آصف زرداری کی درخواست مسترد کردی تھی ۔
احتساب عدالت کے جج اصغرعلی توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کریں گے ،احتساب عدالت نے آصف زرداری کو آج حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا،سابق صدر آصف زرداری کی پیشی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ،عدالت کے اطراف 500میٹر کا ایریا سیل کردیا گیا جبکہ ایک ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں،احتساب عدالت جانے والے راستے بلاکس اور خاردارتاریں لگاکر سیل کردیئے گئے ہیں ،احتساب عدالت کے باہر واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ہے ۔
احتساب عدالت میں پیشی کیلئے سابق صدر آصف زرداری اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور گزشتہ شب پارٹی کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو نے بھی شرکت کی۔ قانونی ٹیم نے اجلاس میں نیب کیسز سے متعلق سابق صدر کو بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز لائرزفورم اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو عدالت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ کورونا کے باعث کارکنان کو عدالت پہنچنے سے روک دیا گیا ہے۔ دوسری طرف نیب راولپنڈی نے سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھ رکھا ہے۔
نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملی تھیں۔آصف زرداری نے یہ گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں اورگاڑیوں کی15 فیصد ادائیگی جعلی اکاونٹس کے ذریعے کی۔
احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی استدعا پر توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ دو، چار، سات اور بارہ کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں۔