توشہ خانہ ریفرنس،سابق صدر آصف زرداری کورونا سے بچائو کیلئے این 95 ماسک اور فیس شیلڈ لگا کر احتساب عدالت پہنچ گئے 

 توشہ خانہ ریفرنس،سابق صدر آصف زرداری کورونا سے بچائو کیلئے این 95 ماسک اور ...
 توشہ خانہ ریفرنس،سابق صدر آصف زرداری کورونا سے بچائو کیلئے این 95 ماسک اور فیس شیلڈ لگا کر احتساب عدالت پہنچ گئے 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) توشہ خانہ ریفرنس میں طلب کرنے پر سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت پہنچ گئے ، آصفہ بھٹو زرداری بھی اپنے والد کے ہمراہ ہیں،سابق صدر نے کورونا سے بچاوَ کےلئے این 95ماسک اور فیس شیلڈ لگارکھی تھی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری، مصطفی نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ اور دیگر رہنما پہلے ہی عدالت میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوری عدالت پیش نہ ہونے کافیصلہ کیا تھا،سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاہے کہ پہلے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دیں گے، درخواست مستردہوئی توآصف زرداری عدالت پیش ہوں گے،استثنیٰ کی درخواست منظورہوتی ہے تو آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کوطلب کرلیاہے،عدالتی عملے کے کہنے پرفاروق نائیک نے آصف زرداری کوبلالیا۔واضح رہے کہ آصف زرداری نے 12 اگست کوحاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی تھی۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری ،سابق وزرائے اعظم نوازشریف اوریوسف رضا گیلانی کو آج طلب کررکھا ہے ،احتساب عدالت نے دیگر تمام ملزموں کو بھی فردجرم عائد کرنے کیلئے طلب کررکھا ہے،آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کیلئے آصف زرداری کی درخواست مسترد کردی تھی ۔

احتساب عدالت کے جج اصغرعلی توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کریں گے ،احتساب عدالت نے آصف زرداری کو آج حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا،سابق صدر آصف زرداری کی پیشی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ،عدالت کے اطراف 500میٹر کا ایریا سیل کردیا گیا جبکہ ایک ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں،احتساب عدالت جانے والے راستے بلاکس اور خاردارتاریں لگاکر سیل کردیئے گئے ہیں ،احتساب عدالت کے باہر واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ہے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -