پاک سعودی دوستی اپنی مثال آپ ہے، کووڈ 19 میں شہید ہونیوالے ڈاکٹرز پاکستان کے ہیروز ہیں، پاکستان ڈاکٹرز فورم کی تقریب میں سفراء اور دانشوروں کی خصوصی شرکت

پاک سعودی دوستی اپنی مثال آپ ہے، کووڈ 19 میں شہید ہونیوالے ڈاکٹرز پاکستان کے ...
پاک سعودی دوستی اپنی مثال آپ ہے، کووڈ 19 میں شہید ہونیوالے ڈاکٹرز پاکستان کے ہیروز ہیں، پاکستان ڈاکٹرز فورم کی تقریب میں سفراء اور دانشوروں کی خصوصی شرکت

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ کی جانب سے ویبنار منعقد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں تعینات سابق سفراء، نامور پاکستانی ڈاکٹرز سمیت پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز شریک تھے جبکہ معروف دانشور انور مقصود نے بھی خصوصی طور پر ویبنار میں شرکت کی. 

دارالحکومت ریاض میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ کی جانب سے منعقدہ ویبنار سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ڈی جی آر کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران اب تک پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی ڈاکٹرز کا مثالی کردار رہا ہے اور جس طرح فرنٹ لائن پر پاکستانی ڈاکٹروں نے خدمات سرانجام دی ہیں اس سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور جو پاکستانی ڈاکٹرز کووڈ 19 سے شہید ہوئے ہیں وہ پاکستان کے ہیروز ہیں. 

سعودی عرب میں موجود پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز سمیت سابق سفراء نعیم خان ،خان ھشام بن صدیق اور منظور الحق نے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ اسلامی دنیا کے علاوہ اقوام عالم میں پاک سعودی دوستی اپنی مثال آپ ہے پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے علاوہ اہم ایشوز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے رہے ہیں، پاک سعودی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں جو کہ اسٹریٹجیک اور تجارتی بنیادوں پر استوار ہیں، پاک سعودی تعلقات دونوں ممالک کی عوام کے لئے اثاثہ ہیں دونوں ممالک کے تعلقات ہمالیہ سے بلند اور مضبوط چٹانوں کی مانند ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بطور سفیر ملاقات کی ہے تو ہم نے ان کے اندر پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خصوصی پیار اور خلوص کا جذبہ پایا ہے جو ہمیشہ پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں. 

اس موقع پر پی ڈی جی آر کے صدر ڈاکٹر اسد رومی نے کہا کہ پاکستان ڈاکٹرز گروپ کی جانب سے اپنے ہم وطنوں کے لئے طبی سہولیات کو فراہم کرنا ایک قومی فرض ہے جس کے لئے تمام پاکستانی ڈاکٹرز بڑھ چڑھ کر خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر حصہ لیتے ہیں اور جس طرح سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے کورونا وائرس کے علاج کے لئے مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا اس سے ایسے وہ تمام پاکستانی مستفید ہوئے جو وباء سے بیمار ہوئے، اسکے علاوہ پی ڈی جی آر سال بھر میں دو فری میڈیکل کیمپ لگاتا ہے جس میں سینکڑوں پاکستانی مریضوں کو پاکستانی ڈاکٹرز کی ٹیمیں جدید طریقہ علاج فراہم کرتی ہیں اسکے علاوہ ایمبیسی کے اندر بھی کلینک کام کرتا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے. 

ویبنار میں معروف دانشور انور مقصود نے مزاح سے بھرپور تحریر پڑھ کر شرکاء کو خوب محظوظ کیا، ویبنار سے نیسٹ ریکٹر جنرل نوید زمان، انڈس ہسپتال نیٹ ورک کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری، اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد، سامبا پاکستان کے چئیرمین ڈاکٹر شجاعت ندیم، صدر اے پی پی این ای ڈاکٹر عامر برنی اور دیگر افراد نے بھی اظہار خیال کیا. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -