عمران خان سے ٹرپل پلس این آر او مانگا جا رہا ہے، بابر اعوان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے ٹرپل پلس این آر او مانگا جا رہا ہے۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت بحال ہوئی، کچھ لوگ پوچھتے ہیں کہاں ہے تبدیلی ؟ انہیں بتانا چاہتا ہوں یہاں ہے تبدیلی۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) پہلے کامیاب ہوئی نہ اب ہو گی اور حزب اختلاف کا ایجنڈا چور دروازے سے کرسی حاصل کرنا ہے، دنیا کا سب سے بڑا کھلاڑی ہمارا وزیر اعظم ہے اور بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والا عمران خان ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ ایک وزیر اعظم وہ تھا جو مودی کو گھر لایا اور اماں کےلئے ساڑیاں تحفے میں دیں، نواز شریف دور میں مودی کی ایئر پورٹ پر امیگریشن ہوئی نہ اسے ویزا لینے کی ضرورت پیش آئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مستحکم ہے اور ہم 5 سال پورے کریں گے۔ ہر بات پر ریاست کو طعنے دینے والے کس کی خدمت کرتے ہیں ؟۔